آٹا 160 روپے میں فروخت ، کراچی تا خیبر عوام پریشان

لاہور : پاکستان میں آٹے کی فی کلو قیمت 160 روپے پر پہنچ گئی ، جس کے بعد سستے بازاروں میں شہری طویل لائنوں میں لگا کر شدید سردی میں آٹا لینے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور متعلقہ حکام کی لاپروائی سے آٹا بھی غریبوں کی پہنچ سے دور ہوگیا، ملک میں آٹے کی قلت بحران کی شکل اختیار کر گئی، جس کی وجہ سے آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ گئی اور 65 روپے کلو میں ملنے والا آٹا 160 ملنے لگا۔

لاہور میں چکی مالکان نے دو ماہ میں آٹھویں بار قیمتیں بڑھادیں اور آٹا ایک سو ساٹھ روپے کا ہوگیا جبکہ کراچی میں بھی فی کلو آٹا ایک سو پچاس روپے میں دستیاب ہے۔

سستے بازاروں میں شہری طویل لائنوں میں لگاکر شدید سردی میں آٹا لینے پر مجبور ہیں ، شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا کبھی ملتا ہے اور کبھی خالی ہاتھ لوٹ جاتے ہیں ، کم ازکم دووقت کی روٹی کیلئے تو آٹا دے دو۔

سکھر میں 24 گھنٹے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں 10 روپے اضافہ ہوا اور 150 روپے کلو ملنے والا آٹا 160 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا۔

اسی طرح 1350روپے میں ملنے والا 10کلو آٹے کا تھیلا 1380روپے کا ہوگیا ، 10کلو آٹے کے تھیلے میں 24گھنٹے کے دوران 30 روپے کا اضافہ ہوا تاہم حکومت اور متعلقہ حکام آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔

کوئٹہ میں بھی 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے جبکہ 50 کلو کا تھیلا 7500 سے 8000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ پورے ملک کی طرح اسلام آباد میں بھی آٹا مہنگا ہوگیا،، کم آمدن شہری سستے آٹے کے حصول کے لیے مارے مارے پھررہے ہیں۔