وزیراعظم شہبازشریف نے گورنر کےپی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے جائزے کیلئے اجلاس ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو بارشوں اور سیلاب سے نقصانات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو خیبرپختونخوا حکومت کیساتھ تعاون جاری رکھنے، ریسکیو اور ریلیف کیلئے تمام وسائل بروئےکار لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں کی جائیں، امدادی سامان ترجیحی بنیادوں پر ٹرکوں کے ذریعے فوری بھیجا جائے اور سیلاب میں پھنسے افراد اور سیاحوں کو فوری محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جائے۔
وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلیٰ سے رابطہ کر کے یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی، وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کیلئے خیمے، راشن، ادویات اور دیگر سامان بھیج رہی ہے مشکل کی گھڑی میں وفاقی اور صوبائی حکومت عوام کیساتھ ہے۔
وفاقی حکومت نے کےپی میں سیلابی صورتحال پر اسلام آباد میں 16 اور 17 اگست کو ہونے والی تقریبات ملتوی کر دیں۔
ترجمان کے مطابق وزیر اطلاعات عطاتارڑ کی ہدایت پر معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریبات ملتوی کی گئی ہیں اور متاثرہ افراد سے یکجہتی اور ریلیف سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کیلئے فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ متاثرین کی مدد کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور آزادی کی تقریبات مزیدجوش و جذبے سے بعد میں منعقدکی جائیں گی۔