وزیر اعظم آزاد کشمیر کا وفاق پر اراکین کو خریدنے کی کوشش کا الزام

اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے وفاق پر حکومت گرانے کے لیے اراکین کو خریدنے کی کوشش کا الزام عائد کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وفاقی حکومت کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت گرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

سردار تنویر الیاس نے کہا: ’نوٹوں سے بھرے بریف کیس وفاقی حکومت نے مظفر آباد بھجوا دیے ہیں۔ آزاد کشمیر کے ایم ایل ایز کو خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ گند جاری رکھا گیا تو آزاد کشمیر کے عوام سڑکوں پر آ جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام کا ہونا ضروری ہے، نوٹوں سے بھرے بریف کیس کشمیر کاز کے لیے نقصان دہ ہیں، ایل او سی کے پار تکمیل پاکستان کی جنگ جاری ہے۔