وزیراعظم نے پی ایچ ایف معاملات کی انکوائری کا حکم دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے الیکشن اور دیگر معاملات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جو ایف آئی اے کرے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے الیکشن سمیت دیگر معاملات میں بدنظمی کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اس سے متعلق ریفرنس ایف آئی اے کو بھیجنے کی ہدایت کر دی ہے۔

گزشتہ ماہ 19 جولائی کو خواجہ آصف کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کا پی ایچ ایف معاملات کے حوالے سے اجلاس ہوا تھا جس کے بعد بے ضابطگیوں کے خلاف سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم کو بھیجی گئی تھیں۔

وزیراعظم نے ان سفارشات کی روشنی میں پی ایچ ایف کے الیکشن شفاف طریقے سے کرانے، ہاکی کلبز اور الیکٹورل کالج کی جانچ پڑتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ وزیراعظم کی ہدایات پرعملدرآمد کرائے گا۔

واضح رہے کہ قومی کھیل ہاکی زبوں حالی کا شکار ہے اور حال ہی میں بھارت میں کھیلی گئی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور ابتدائی راؤنڈ میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

مذکورہ ایونٹ میں پاکستان نے واحد میچ چین کے خلاف جیتا، ملائیشیا اور بھارت سے میچز ہارے جب کہ جاپان اور کوریا سے میچز برابر رہے۔