وزیراعظم کا ترکیہ سے دو طرفہ تجارت سے متعلق ٹویٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ ترکیہ کے دوران کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں اور وہ تین سال میں دو طرفہ تجارت 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کیلیے پُرامید ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جو ترکیہ صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دو روزہ دورہ ترکیہ پر ہیں ان کی گزشتہ روز کئی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں جس کے متعلق انہوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ روز ترکیہ میں کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں زراعت، توانائی، آئی ٹی اور سرمایہ کاری کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ترکیہ میں مختلف ممالک کے قائدین سے ملاقات

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سامان کے معاہدے کے بعد باہمی تعاون میں اضافہ ہوا، آئندہ 3 سال میں دو طرفہ تجارتی حجم کو سالانہ 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف قابل حصول لگتا ہے۔

 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری اور نئےمنصوبوں میں تُرک کاروباری برادری کی دلچسپی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔