پرنسپل آف دی ائیر کا ایوارڈ جیتنے والی پاکستانی خاتون کون ہیں؟

پرنسپل

پرنسپل آف دی ائیر کا ایوارڈ جیتنے والی بینش عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں بہتری کی ضرورت ہے، ابھی ہم ابتدائی مراحل میں ہیں۔

بینش سعید اس وقت ملتان کے کینٹ پبلک اسکول اینڈ کالج میں بطور پرنسپل خدمات انجام دے رہی ہیں، انہوں نے رواں ماہ ہونے والے ایشیا ایجوکیشن کنکلیو کے پرنسپل آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت کر اپنے ملک کا نام روشن کیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں پرنسپل بینش سعید نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی جدوجہد، تعلیم اور اساتذہ کے مسائل کے حوالے سے مختلف سوالات کے جواب دیئے۔

انہوں نے بتایا کہ شعبہ تعلیم میں بہت زیادہ مقابلے کا رجحان ہے، میں نے مختلف کورسز کیے اور آن لائن کلاسز بھی لیں، ایم فل اور زولوجی میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی اور اب پی ایچ ڈی کررہی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں کافی بہتری کی ضرورت ہے، ہماری صورتحال اس بچے جیسی ہے جو ابھی چلنا سیکھ رہا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک تعلیم کے میدان میں ہم سے بہت آگے ہیں، وہاں آرٹیفشل انٹیلی جینس پر بہت زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔

ایوارڈ یافتہ بینش سعید کا تعلیم میں دو دہائیوں کا سفر ہے،انہوں نے یہ ایوارڈ ایشیا کے15 ممالک کے 2085مرد اور خواتین امیدواروں کے مقابلے میں جیتا۔ ایشیا ایجوکیشن کنکلیو نے انسٹاگرام اکائونٹ پر بھی بینش کو سال کی بہترین پرنسپل کا ایوارڈ وصول کرنے پر سراہا۔