بھارتی بیٹسمین پرتھوی شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا، 8 ماہ کے لیے معطل

ممبئی: بھارتی بیٹسمین پرتھوی شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد بی سی سی آئی نے ان کو 8 ماہ کے لیے معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی نوجوان بلے باز پرتھوی شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ پرتھوی شاہ نے کھانسی کا شربت پیا تھا جس میں ممنوعہ ادویہ موجود تھیں۔

بی سی سی آئی نے پرتھوی شاہ پر کرکٹ کے دروازے 8 ماہ کے لیے بند کردئیے ہیں، پرتھوی شاہ نومبر 2019 تک معطل رہیں گے۔

نوجوان بھارتی بلے باز پرتھوی شاہ نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ بورڈ نے پرتھوی شاہ کے علاوہ دو اور کھلاڑیوں اکشے دلارور اور دیویا گجراج پر بھی اسی کیس میں پابندی عائد کی گئی ہے، اکشے کو آٹھ ماہ اور دیویا گجراج کو 6 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

پرتھوی شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ بی سی سی آئی ٹیسٹنگ پروگرام کے تحت فروری 2019 میں سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران لیا گیا تھا۔

بی سی سی آئی کے مطابق 19 سالہ پرتھوی شاہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ تھے۔

پرتھوی شاہ نے بھارت کی جانب سے 2 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی بدولت 237 رنز بنارکھے ہیں۔

بھارتی بلے باز کو ویسٹ انڈیز کے دورے سے واپس انجری کے سبب بلایا گیا تھا، انہیں ہپ انجری ہوئی تھی جس کے بعد وہ چند ماہ پہلے صحت یاب ہوئے تھے۔