نجی ایئر لائن کا طیارہ ٹیک آف کے دوران بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

پی آئی اے برطانیہ

لاہور : لاہورایئرپورٹ پر نجی ایئر لائن کا طیارہ ٹیک آف کے دوران بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے کے ایک انجن کونقصان پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تھم نہ سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ لاہورایئرپورٹ پر ٹیک آف کے دوران طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا، پرندہ ٹکرانے سے نجی ایئرلائن کے طیارے کے ایک انجن کونقصان پہنچا۔

ذرائع ایئرلائن کا کہنا ہے کہ متاثرہ طیارےکےمسافروں کولاؤنج بھیج دیاگیا اور سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیکنیکل ٹیم طیارے کے معائنے کے لیے بھیج دی گئی۔

خیال رہے سال2024 کے پہلے چھ مہینوں میں کم از کم 38 پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے طیارے پرندوں کی زد میں آئے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون تک 38 پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ یہ واقعات اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، گلگت، سکھر، جدہ اور دبئی میں رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ 2024 کے پہلے چھ ماہ میں پی آئی اے کے 38 میں سے 5 طیارے پرندوں کی زد میں آکر تباہ ہوئے جب کہ 33 طیارے بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔

طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات دنیا بھر میں خاص طور پر پاکستان میں عام ہیں۔ سی اے اے ہوائی اڈوں کے قریب کے علاقوں میں صفائی کو یقینی بنانے کے لیے مہم چلا رہا تھا۔