پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی کمشنر مردان اور ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف تحریک استحقاق پیش کروا دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر مردان کے خلاف تحریک استحقاق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن عبدالسلام آفریدی نے پیش کی جس میں انہوں نے کہا کہ بار بار کال کرنے کے باوجود ڈپٹی کمشنر مردان نے فون نہیں اٹھایا۔
عبدالسلام آفریدی نے کہا کہ جونیئر کلرک رینک کے شخص کو ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے، جنہوں نے ڈپٹی کمشنر لگایا ان سے درخواست ہے وہ ان کو تبدیل کرے۔
دوسری جانب ڈی جی پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف پی ٹی آئی کے فضل الٰہی نے تحریک استحقاق پیش کی جس میں انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی ڈی اے نے مجھ پر جھوٹا الزام لگایا۔
فضل الٰہی نے کہا کہ ڈی جی پی ڈی اے کی کرپشن کے تمام ثبوت ایوان میں پیش کروں گا۔
صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈی جی پی ڈی اے کی جانب سے جواب غیر تسلی بخش ہے، سرکاری افسران کو عوامی نمائندوں اور عوام کی بات سننی چاہیے۔