بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ انسٹاگرام اسٹوری میں اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والی جنگ میں متاثر ہونے والے فلسطینی بچوں کی حمایت میں پوسٹ شیئر کی۔
انہوں نے پوسٹ میں یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل سے منسوک بیان شیئر کیا جس میں لکھا تھا ’بچوں کو دیرپا انسانی جنگ بندی کی ضرورت ہے۔‘
واضح رہے کہ پوسٹ دسمبر کو یونیسیف کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تھی جس میں غزہ کی پٹی کی موجودہ خطرناک صورتحال کے بارے میں بات کی گئی۔
یونیسیف کی جانب سے شیئر کردہ دیرپا جنگ بندی کے مطالبے والی اس پوسٹ پر طویل کیپشن تحریر کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ تمام بچے امن کے مستحق ہیں اور ایک بہتر مستقبل کے حقدار ہیں۔
پوسٹ میں لکھا گیا تھا کہ غزہ کی پٹی بچوں کے لیے دنیا کی سب سے خطرناک اور ڈراؤنی جگہ بن چکی ہے، اس جنگ میں ہزاروں بچے اپنی جان کی بازی ہار گئے جب کہ کئی بچے شدید زخمی بھی ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے ہونے والی جنگ میں غزہ کی وزارت صحت نے اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 18ہزار 200 سے زائد شہادتوں کی تصدیق کردی۔