اسلام آباد: مشیر برائے نوجوان امور عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو خود مختار بنانے کی جانب پہلا قدم ہے، نوجوان ووٹ نہ دیتے تو ہم حکومت میں نہ ہوتے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا، عثمان ڈار نے کہا اس پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، بینک بھی نہیں جانا پڑے گا، آن لائن فارم بھریں، پروگرام اتنا شفاف ہے کہ عثمان ڈار بھی کسی کو لون نہیں دلا سکے گا۔
انھوں نے کہا پاکستان میں پہلی یوتھ کونسل بن چکی ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کی نمایندگی کر رہی ہے، ماضی کی حکومتوں نے نوجوان طبقے کو نظر انداز کیا، پی ٹی آئی حکومت کے قیام میں نوجوان طبقے کا کلیدی کردار ہے۔
تازہ ترین: اپنے کاروبار کے لیے 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیں گے: وزیر اعظم عمران خان
عثمان ڈار کا کہنا تھا پاکستان کے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود نوجوانوں کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے کامیاب جوان پروگرام شروع کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے معاملات کامیابی کے ساتھ دیکھنے پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنے مشیر عثمان ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
آج اسلام آباد کنونشن سینٹر میں اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعظم نے خود کیا، تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ پروگرام میں میرٹ کو مد نظر رکھا جائے گا اور وہ خود وزیر اعظم ہاؤس سے اس پروگرام کو مانیٹر کریں گے۔