پنجاب کی نگراں کابینہ نے صوبے میں 5 ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 18 واں اجلاس ہوا جس میں کابینہ اراکین نے 5 ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی جب کہ اسٹمپ ایکٹ 1899 کے فرسٹ شیڈول میں ترامیم اور اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کابینہ سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 میں مجوزہ قانونی ترامیم، پنجاب میں آئی ٹی کاروبار، تعلیم اور ٹریننگ پر ٹیکس و ڈیوٹیز ختم کرنے کے علاوہ ہیپا ٹائٹس اینڈ انفیکشن کنٹرول پروگرام، پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے 605 پراجیکٹ ملازمین کے کنٹریکٹس میں توسیع کی منظوری بھی دی۔
اس کے علاوہ پنجاب ہیلتھ فسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کیلیے نئے امور اور دائرہ کار کے حوالے سے معاہدے کی تجدید کی منظوری دی گئی جب کہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالے سے مختلف امور بھی منظور کر لیے گئے۔
کابینہ اراکین نے پنجاب میں 1500 سے 2000 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں ایک فیصد کمی کرتے ہوئے ان گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کے برابر کر دی جب کہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں سبسڈی میں کمی کیلیے نان فیئرریونیو جنریشن ماڈل کی منظوری دی گئی جس کے بعد میٹرو بس اوراورنج لائن ٹرین کے اسٹیشنز پر کمرشل سرگرمیوں کی اجا زت دی جا سکے گی۔
اجلاس میں میجرجنرل شیخ المر بن مکتوم بن جمعہ الملطوم گائنی اسپتال گلاب والا تحصیل 18ہزاری ضلع جھنگ کو فنکشنل کرنے، اس کے لیے گرانٹ کے اجرا اور اسکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور اسپیشل افراد کے حقوق کیلئے کونسل کے قیام کی منظوری بھی دی۔