ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بڑی خبر

بجلی کے پروٹیکٹڈ یونٹس کی حد 200 سے بڑھا کر 300 یونٹس کرنے کی تجویز

اسلام آباد : ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز سامنے آگئی، جس سے کم آمدنی والے طبقے کو سہولت ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق مہنگی بجلی اور بڑھتے ہوئے بلوں سے پریشان عوام کے لیے حکومت کی جانب سے ممکنہ ریلیف کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے پروٹیکٹڈ یونٹس کی 200 سے بڑھا کر 300 یونٹس کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، اس مجوزہ اقدام کا مقصد متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب متعدد ارکانِ نے وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے یہ مسئلہ اٹھایا اور اس کو عوام پر "ناانصافی اور غیر متوازن مالی بوجھ” قرار دیا۔

مزید پڑھیں : 201 یونٹ پر 5 ہزار روپے کا اضافی بل : صارفین کے لیے اہم خبر آگئی

ذرائع کے مطابق اراکینِ اسمبلی نے خاص طور پر ان کیسز کی نشاندہی کی، جن میں گھریلو صارفین اگر 200 یونٹس سے صرف ایک یونٹ بھی تجاوز کر لیں (یعنی 201 یونٹس) تو انہیں سبسڈی سے محروم کر کے مکمل بل نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کر دیا جاتا ہے، جس سے بل میں 5 ہزار روپے تک کا فرق پڑتا ہے۔

فی الوقت 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو محفوظ (پروٹیکٹڈ) سلیب کے تحت رعایتی نرخوں پر بجلی فراہم کی جاتی ہے، لیکن اس حد سے تجاوز کرتے ہی مکمل بل مہنگے نرخوں پر چارج کیا جاتا ہے اور یہ یکدم اضافہ عوام کے لیے ناقابلِ برداشت بنتا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس مسئلے کے تفصیلی جائزے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے پر غور کر رہی ہے، جو اس حوالے سے باضابطہ سفارشات پیش کرے گی۔