پی ایس ایل 8، کراچی کنگز کی نئی کٹ کے چرچے

پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں سیزن شروع ہونے میں صرف 4 دن باقی ہیں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹیم کی نئی کٹ متعارف کرا دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن 8 شروع ہونے میں صرف 4 دن باقی ہیں۔ لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز کراچی کنگز کے شیر بھی ایونٹ میں دھاڑنے کو تیار ہیں۔ کھیل کو مزید پرجوش بنانے کے لیے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹیم کی نئی کٹ متعارف کرا دی ہے۔

سلمان اقبال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں اس نئی کٹ کو متعارف کرایا اور کہا کہ کراچی کنگز نئی کٹ میں کنگز کی طرح گرجیں گے۔

ٹوئٹر پر کراچی کنگز کی نئی کٹ متعارف کرائے جانے کے بعد سے اب تک لاکھوں صارفین اس کو دیکھ اور پسندیدگی کی سند دے چکے ہیں۔

دوسری جانب پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کے کھلاڑیوں کی کراچی آمد شروع ہوچکی ہے۔ حیدرعلی، طیب طاہر اور عرفان خان نیازی نے رپورٹ کر دی۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا آغاز 13 فروری کو ملتان میں ہوگا جب کہ کراچی کنگز اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی سے 14 فروری کو ٹکرائے گی۔