پی ایس ایل 8 کا سفر آج وہیں سے شروع ہوگا جہاں سیزن 7 کا سفر تمام ہوا تھا

آج ملتان میں پی ایس ایل 8 کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سیزن 7 کا سفر تمام ہوا تھا یعنی پی ایس ایل 7 کی فائنلسٹ ٹیمیں افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ، جوش اور سنسنی خیز میچوں سے بھرا پی ایس ایل سیزن 8 کا آج سے ملتان میں آغاز ہو رہا ہے۔ اس کا آغاز وہیں سے ہوگا جہاں گزشتہ سیزن کا اختتام ہوا تھا یعنی پی ایس ایل سیون کی فائنسلٹ ٹیمیں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز افتتاحی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے جان لڑا دیں گی لیکن میچ میں قلندرز اپنا جادو جگانے میں کامیاب رہیں گے یا پھر ملتان سلطانز گراؤنڈ میں سلطان ثابت ہوں گے یہ فیصلہ تو میچ کے اختتام پر ہوگا تاہم اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچز میں ملتان سلطانز کا پلڑا بھاری رہا ہے۔

پی ایس ایل میں اب تک دونوں ٹیمیں 13 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں ان میں سے 7 بار ملتان سلطانز فاتح بن کر میدان سے باہر آئے ہیں جب کہ 6 بار جیت نے لاہور قلندرز کے قدم چومے ہیں۔

ان 13 میچز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نے تین، تین میچز جیت رکھے ہیں جب کہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطان کا ریکارڈ لاہور قلندرز سے زیادہ بہتر ہے اور وہ 4 بار ہدف کا تعاقب کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

گزشتہ پی ایس ایل 7 میں ملتان نے قلندرز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم فیصلہ کن معرکے میں لاہور قلندرز نے جوابی کاری وار کرتے ہوئے ملتان کے سلطانز کو پچھاڑ کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 8 کا میلہ آج سے رنگ جمائے گا

تاہم نیا سیزن، نیا میچ اور نیا امتحان۔ آج دونوں ٹیموں کے درمیان بھرپور اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔