پی ایس ایل گورننگ کونسل کا چھٹا اجلاس، ایونٹ کو بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل کا چھٹا اجلاس ہوا جس میں پی سی بی اور فرنچائز نے پی ایس ایل کو بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا چھٹا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں پی سی بی اور فرنچائز کی جانب سے ایونٹ کو بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، گورننگ کونسل نے کمرشل رائٹس تین سال کے لیے دینے کے فیصلے کو سراہا۔

فرنچائز مالکان نے کہا کہ 192 فیصد زائدد کمرشل رائٹس دینا تاریخی اقدام ہے، اجلاس میں پی ایس ایل فور کی ٹکٹوں کی فروخت کے طریقہ کار جائزہ لیا گیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق کرکٹ شائقین کے لیے پانچوں شہروں میں شٹل سروس چلانے پر اتفاق کیا گیا، فرنچائز اور پی سی بی نے گیم ڈیولپمنٹ کے اقدام پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے آئندہ سالوں میں مزید میچز پاکستان میں کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے ٹی وی رائٹس کی فروخت میں پی سی بی کا بلند و بالا چھکا

واضح ہے کہ گزشتہ تین سال کے لیے 15 ملین ڈالرز کا معاہدہ ہوا تھا جبکہ اس دفعہ کیے جانے والے معاہدے کی مالیت کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔

پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔