پی ایس ایل 5 : ’اسٹیڈیم میں کچرا نہ پھیلائیں‘

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ  پی ایس ایل کی پاکستان آمد پر قوم پرجوش ہے، لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ میچ دیکھنے جائیں تو اسٹیڈیم میں کچرا نہ پھیلائیں۔

کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد میں کراچی کنگز کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد پہلے بیرونِ ملک ہوتا تھا جس پر ہمیں دکھ اور درد ہوتا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب ماشاء اللہ پی ایس ایل پوری طرح سے پاکستان میں آگیا ہے، لیگ وطن واپس آنے پر قوم میں بڑا جذبہ پایا جاتا ہے، اُن تمام لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے پی ایس ایل پاکستان لانے کے لیے جدوجہد کی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل پاکستان آگیا، اب فٹبال کی واپسی کے لیے کوشاں ہیں، سلمان اقبال

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی ہمارے دل کےنزدیک ہیں مگر کراچی کنگز سے زیادہ  پیار ہےکیونکہ میں اسی شہر میں رہتا ہوں۔ انہوں نے اپیل کی کہ جو شائقین میچ دیکھنے کے لیے قطاروں میں لگتے ہیں اُن سے پیار و محبت سے پیش آئیں، تمام لوگ پاکستانی ہیں، اُن سے پیار کریں اور اُن کا خیال رکھیں۔

عمران اسماعیل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسٹیڈیم میچ دیکھنے جائیں تو کچرا نہ پھیلائیں۔

وزیربلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ ’خوشی ہےکہ پہلی مرتبہ پی ایس ایل پاکستان میں ہورہاہے،اللہ کرے جس طرح سوچا ہے ایونٹ اُسی طرح کا آرگنائز ہوجائے،  گزشتہ سال سیکیورٹی کی وجہ سےکچھ لوگوں کومشکلات ہوئیں مگر اس سال کوشش ہے کہ عوام کو کم سے کم تکلیف کا سامنا ہو، لوگوں سےبھی اپیل ہےکہ انتظامیہ کے ساتھ بھر پورتعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈین جونز کا وزیراعظم سے نیلی جرسی پہننے کی خواہش کا اظہار

علاوہ ازیں میئر کراچی وسیم اختر بھی تقریب میں شریک تھے، انہوں نے مہمان گرامی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی کے عوام کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، امیدکرتاہوں آپ تمام لوگ اسپورٹس کو انجوائےکریں گے۔

وسیم اختر نے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور شائقین سے اپیل کی کہ وہ شہر کو اپنا سمجھیں، کوڑا کرکٹ راستے میں نہ پھینکیں بلکہ اسے کچرے دان میں ڈالیں۔