اسلام آباد: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کردی جس کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کیے جانے پر کراچی، لاہور، اسلام آباد کی 20 پروازیں منسوخ ہوگئیں، ایندھن کی عدم فراہمی سے اندرون، بیرون ملک کئی پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہیں۔
پی آئی اے کی کراچی دبئی پرواز پی کے 215 تاخیر کا شکار ہیں، پی کے 215 شام 7:25 بجے شیڈول تھی اب رات ایک بجے روانگی متوقع ہے۔
پی آئی اے کراچی سے لاہور جانے والی پی کے 306 منسوخ ہوگئی، کراچی سے پشاور جانے والی پی کے 350 بھی منسوخ ہوگئی ہے۔
اسی طرح پی آئی اے کی کراچی سے گوادرکی پرواز بھی منسوخ ہوگئی ہے، پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے370 منسوخ ہوگئیں۔
پی آئی اے کی کراچی سے کوئٹہ پرواز 310 اور بہاولپور پی کے 588 منسوخ ہوگئی، پی آئی اے کی کراچی سے رحیم یار خان کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایس او نے پی آئی اے کی یومیہ ادائیگی نہ ہونے پر ایندھن سپلائی بند کی ہے۔