کہیں آپ کی سم کسی اجنبی کے زیر استعمال تو نہیں؟ پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

پی ٹی اے نے موبائل سم کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کر دیا

اسلام آباد (16 اگست 2025): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل سم کے حوالے سے خبردار کر دیا۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر آپ کی چوری شدہ معلومات کا استعمال کرتے ہوئے آپ کے نام پر غیر قانونی سم حاصل کر سکتے ہیں جو فراڈ، غیر قانونی سرگرمیوں اور دہشتگردی کیلیے استعمال ہو سکتی ہے۔

نام پر رجسٹرڈ سم کی معلومات کیسے حاصل کریں؟

پی ٹی اے نے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم کی معلومات فوری پر حاصل کرنے کا آسان طریقہ بتا دیا۔ نام پر رجسٹرڈ سموں کی تعداد معلوم کرنے کیلیے cnic.sims.pk وزٹ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: لاکھوں سم بند کرنے کا فیصلہ، کون سے لوگ زد میں آئیں گے؟

اگر آپ کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں تو 668 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کریں اور معلومات حاصل کریں، نام پر رجسٹرڈ کوئی بھی ایسی موبائل سم جو آپ کے زیر استعمال نہیں اسے فوری بلاک کروائیں۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ نئی موبائل سم ہمیشہ سیلولر کمپنیوں کے مجاز سیلز آؤٹ لیٹس، کسٹمر سروسز سینٹرز اور فرنچائز سے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد خریدیں۔