ملک بھر میں پی ٹی سی ایل سروسز مکمل بحال

پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ

کراچی (20 اگست 2025): پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کمپنی لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پی ٹی سی ایل سروسز مکمل بحال کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ شام سے پی ٹی سی ایل سروسز میں تعطل آ گیا تھا تاہم اب اس تعطل کو دور کر لیا گیا ہے، اور سروسز بحال ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروسز سست ہونے سے آن لائن کام کرنے والے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا۔

انٹرنیٹ سروسز میں تعطل، صارفین کو مشکلات کا سامنا

وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروسز میں خرابی کی وجوہ کا تعین کیا جا رہا ہے، عوام کو وجوہ سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔ پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ سروسز بحال کر دی گئی ہیں تاہم وجوہ کے بارے میں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔

شہریوں نے انٹرنیٹ میں تعطل اور سست روی کی شکایات کی تھیں، جس سے آن لائن ایپس کے ذریعے کاروبار کرنے والے متاثر ہو رہے تھے۔