پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ کے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی اور جیل میں قید چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آئندہ تمام ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، تاہم میاں اظہر کی خالی نشست پر انتخاب میں حصہ لیا جائے گا۔

تحریک انصاف نے واضح کیا کہ سینیٹ میں اعجاز چوہدری کی خالی نشست کے انتخاب کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا، بانی نے کہا ہے کہ نو مئی کیسزمیں پی ٹی آئی ارکان کوناحق سزادی گئی، بنیادی حقوق پامال کیے گئے، یہ انتقامی کارروائی کی بدترین مثال ہے۔

تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، عمران خان کی ہدایت پر اعجاز چوہدری کی نشست کے لیے ان کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو نامزد کیا گیا تھا۔

سلمیٰ اعجاز نے کہا جعلی انتخابات کا حصہ نہیں بنوں گی، پی ٹی آئی کا یہ فیصلہ دوٹوک پیغام ہے، پارٹی غیر منصفانہ انتخابی عمل کو تسلیم نہیں کرے گی۔

مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے 18 ارکان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی

پارٹی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی اس فیصلے کے ذریعے یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ کسی بھی غیر منصفانہ انتخابی عمل کو قبول نہیں کریں گے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے عمران خان کی سات مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لی ہیں، یہ مقدمات تشدد، جلاؤ گھیراؤ، قتل کی سازش اور اشتعال انگیزی سے متعلق ہیں جو گزشتہ سال ستمبر اور نومبر میں مختلف تھانوں میں درج کیے گئے تھے۔

وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں جبکہ ان درخواستوں پر سماعت یکم ستمبر کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوگی۔