’ہم عوام کی آواز بنیں گے، جلسے کرنا ہمارا آئینی حق ہے‘

اسد قیصر

لاہور: پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم عوام کی آواز بنیں گے، جلسے کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ عوام نے 8 فروری کو بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دیا، ہم سے مینڈیٹ چھینا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی کہہ دیا پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے لیکن مخالفین کو برداشت نہیں کیا جارہا، آپ نے مخالفین کو جلسے کرنے کی اجازت بھی نہیں دی۔

مہنگائی سے متعلق اسد قیصر نے کہا کہ عام آدمی بجلی کے بل کیسے ادا کرے گا حکومت ان کو ریلیف فراہم کرے، گندم اسکینڈل آیا کسان رو رہا تھا، ہم عوام کے ساتھ پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے آئین پر عملدرآمد کرانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے مخصوص نشستوں پر فیصلہ کیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف قانون سازی کی گئی ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی، ہم 14 اگست کو جلسے اور جلوس نکالیں گے، حقیقی آزادی کا مطلب آئین اور قانون کی بالادستی ہے۔