پی ٹی آئی رہنماؤں کو دوسری جماعت سے اپوزیشن لیڈر بنانے پر اعتراض ہے: عاطف خان کا انٹرویو میں انکشاف

پی ٹی آئی کو دوسری جماعت سے اپوزیشن لیڈر بنانے پر اعتراض ہے: عاطف خان

(یکم ستمبر 2025): پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کافی لوگوں کو اپوزیشن لیڈر دوسری جماعت سے بنانے پر اعتراض ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عاطف خان نے اے آر وائی نیوز  سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ محمود اچکزئی کی صرف ایک سیٹ جبکہ اکثریت پی ٹی آئی کی ہے لیکن بانی کا فیصلہ سب کو ماننا پڑتا ہے۔

انپوں نے کہا کہ اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے پر کافی لوگوں کو اعتراض ہے، کیوںکہ اچکزئی کی ایک سیٹ ہے جبکہ اکثریت پی ٹی آئی کی ہے لیکن یہ فیصلہ بانی کا ہے تو ماننا پڑتا ہے، محمود اچکزئی مضبوط، اسٹینڈ لینے والے اور آئین وقانون کی بات کرتے ہیں۔

عاطف خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیغامات بہت ہی عجیب طریقے سے باہر آتے ہیں، مرضی کے وکلا، سیاسی لوگوں کو بانی سے ملنے دیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی کے لوگ جذباتی ہیں اس وجہ سے اختلافات باہر آتے ہیں، پارٹی عہدیداران سب کو بٹھا کر اختلافات دور کرائیں لیکن ایسا نہیں ہوتا، پی ٹی آئی کو اس وقت کوئی راستہ نکالنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کو چاہیے مضبوط اپوزیشن الائنس بنا کر حکومت سے بات کریں۔