پاکستان تحریک انصاف گورنر خیبر پختونخوا کی طلب کردہ کُل جماعتی کانفرنس میں شرکت کریگی یا نہیں، ترجمان کا اہم بیان سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی طلب کردہ کُل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنیکا اعلان کیا ہے، پارٹی ترجمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی پی ٹی آئی پر پابندی کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی سرگرم پشت پناہ ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ پی پی نے بلوچستان اسمبلی سے پابندی کی قرارداد کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کیا، ایک طرف پی پی خصوصاً سندھ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی غیرقانونی پکڑ دھکڑ کررہی ہے۔
دوسری جانب پی پی بےجا نمائشی مجالس سے جمہوریت نوازی کا تاثر دینا چاہتی ہے، پیپلزپارٹی کا خیبر پختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، صوبے کے عوام کی نمائندگی پی ٹی آئی کے پاس ہے جو اپنی ذمہ داری بخوبی نبھارہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صوبے کے عوام کے ایشوز کے حل پر پختونخوا حکومت کلیتاً سنجیدہ ہے، وفاق کی معاونت کے بغیر بھی الحمدللہ پیچیدہ معاملات کو سیاسی بالغ نظری سے حل کررہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں منعقدہ پختون اور کرم جرگے اس کی کلیدی مثالیں ہیں، گورنر کسی معاملے پر سنجیدہ تجاویز صوبائی حکومت کو بھجوائیں تو ضرور زیرِغور لائیں گے۔