لاہور: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
داتا دربار میں منعقد ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ دورِ حکومت میں مہنگائی نہیں آئی بلکہ 2018 کا الیکشن چوری کیا گیا اور پی ٹی آئی کی حکومت میں معیشت نیچے گئی، نواز شریف کے دور میں مہنگائی پر قابو پالیا تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اقتدار نہ سنبھالتیں تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، آج بڑے ممالک پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کر رہے ہیں، پاکستان کی معیشت کو دوبارہ اٹھنا ہے، وہ دن دور نہیں جب مہنگائی بھی نیچے آئے گی اور ہم اس بھنور سے نکلیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں نائب وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس ثبوت موجود ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈڈ جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے گزشتہ روز جو اعلان کیا اس پر پارٹی لیڈر شپ دیکھے گی اور اتحادیوں سے مشاورت ہوگی، ہم نے آئین اور قانون کے تحت چلنا ہے، اس کے تحت چلیں تو معاملات خود ٹھیک ہو جائیں گے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ کوئی پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کرتا ہے تو یہ قابلِ قبول نہیں، ساری زندگی مفاہمت ہوتی رہی ہے پی ٹی آئی کو بھی دھرنے سے بات چیت کے ذریعے اٹھایا تھا۔
انہوں نے کاہ کہ آئین و قانون سے بڑھ کر کوئی نہیں، سزا بھی قانون کے مطابق ہونی چاہیے، وفاقی کابینہ اپنا کام کر رہی ہے سب سے پہلے پاکستان ہے۔