چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانتیں خارج

چیئرمین پی ٹی آئی ضمانتیں خارج

اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانتیں خارج کردیں ، ضمانتیں عدم حاضری کےباعث خارج کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے 3 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

جج ابولحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ چیرمین پی ٹی آئی پر قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا، سپریم کورٹ نے ضمانت خارج نہیں کی، سپریم کورٹ نے ضمانت میں توسیع کی تو اےٹی سی میں کیوں نہیں ہوسکتی۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت متعدد بارچیرمین پی ٹی آئی کو ریلیف دے چکی ہے،اب ان کی ضمانت خارج کی جائے۔

دلائل کے بعد عدالت نے پہلے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں میں اپنا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تھانہ کھنہ میں دو اور تھانہ بارہ کہو میں درج ایک مقدمہ میں درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کردی۔

عدالت نے عدم حاضری پر چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کرنے کا حکم سنایا، اے ٹی سی اسلام آباد کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی طرف سے محفوظ فیصلہ سنایا گیا۔