پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں جیل منتقلی کی درخواست کے باجود بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں قید رکھنے کی مذمت کی گئی۔ جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی بشریٰ بی بی کو غیرمعیاری کھانا دینے کی مذمت کرتی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کے تمام پابند سلاسل ارکان کے بنیادی حقوق بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
کور کمیٹی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدواروں کو ڈرانے دھمکانے کی مذمت کی گئی۔ پی ٹی آئی نے پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو فوری ہٹا کرمحاسبے کا مطالبہ کیا۔
کورکمیٹی کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کیساتھ طے اشتراکی عمل کی تائید و توثیق کی گئی۔ تحریک انصاف بلوچستان کو مرکزی جماعت کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کورکمیٹی نے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی وفاق پاکستان کی زنجیر کے طور پر ابھری ہے۔ مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والے وفاق کو کمزور کرنے کا باعث بنیں گے۔