پی ٹی آئی کا وزیراعظم شہباز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بحرانوں کا واحد حل وزیراعظم کا استعفیٰ ہے شہباز شریف مستعفی ہوں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت کا یہ انتہائی بے شرم سال تھا۔ ایک سال میں آئین اور انسانی حقوق دفن ہوگئے۔ سب بحرانوں کا واحد حل وزیراعظم شہباز شریف کا استعفیٰ ہے آپ مستعفی ہوں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بڑا مشکل سال تھا۔ یہ مشکل ہی نہیں شرمناک سال بھی تھا۔ حکمرانوں کو انسانی حقوق اور آئین پر عملدرآمد سمیت ہر معاملے پر شرم کرنی چاہیے۔ عوام کا ردعمل آ رہا ہے جس میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ویسے بھی چند دن کے مہمان ہیں کیونکہ مریم نے آپ کو نا اہل کرانے کا بندوبست کر دیا ہے۔ اس سے بہتر ہے کہ آپ پہلے ہی استعفیٰ دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈالا گیا۔ کل پارلیمان میں تقاریر میں سپریم کورٹ کی بے توقیری ہوئی اور آئین کا مذاق اڑایا گیا۔ جس نے اسحاق ڈار کو حدیبیہ کیس میں ریلیف دیا وہ کل ساتھ بیٹھے تھے۔ وکلا تنظیمیں مطالبہ کر رہی ہیں کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم موجودہ اسمبلی ممبران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کا تمسخر اڑانے پر ممبران کیخلاف کارروائی کی درخواست دیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور سیکریٹری اسمبلی جعلی دستخط ثابت نہ کرسکے تو ان کے خلاف کیس کریں گے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کو تبادلوں اور ٹرانسفر کیلیے حکم نہیں دے سکتا۔ پنجاب کی نگراں حکومت ن لیگ کی منشا پر کام کر رہی ہے۔ آج پنجاب میں لوگوں کو اٹھایا جا رہا اور جعلی کیسز بنائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ 22 افسران کا پنجاب سے ٹرانسفر کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کہا تھا 7 دن میں یہ کام کریں۔ الیکشن کمیشن نے ابھی تک نہیں کیا لہذا ہم توہین عدالت دائر کر رہے ہیں۔