انتظامیہ کا تحریک انصاف کو نادرا چوک پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے سے انکار

اسلام آباد : اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نادرا چوک پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے لیے تیار ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ کو نادراچوک پر جلسہ کرنے کی درخواست دی، پی ٹی آئی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل شہزاد گل کی جانب سے درخواست دی گئی۔

انتظامیہ نے نادراچوک پرجلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور کہا نادراچوک ریڈزون میں ہے، اس وجہ سےجلسےکی اجازت نہیں دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایف 9پار ک یا ایچ 9گراؤنڈکاانتخاب کرکے پر امن احتجاجی جلسہ کرسکتی ہے، جگہ کا انتخاب کر کے انتظامیہ کو مطلع کیا جائے تاکہ سیکیورٹی انتظامات کئے جاسکیں۔

ڈی سی نے بتایا کہ ریڈزون میں جلسےجلوس اورکسی قسم کےاحتجاج پردفعہ 144 کے تحت پابندی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے آج اسلام آباد میں ای سی پی ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاترکے باہر بھی پرامن احتجاج کیا جائے گا۔