لاہور : تحریک انصاف کے رہنما فوادچوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آرمی چیف کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی، تحریک انصاف آرمی چیف کا احترام کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فوادچوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس نہج پر ہے کہ کوئی لسانی فساد برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
فواد چوہدری نے نگراں وزیراعلیٰ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا آپ آگ سے کھیل رہے ہیں، درخواست ہے اپنے الفاظ محتاط طریقے سے استعمال کریں، اپنے بیانات میں توازن لائیں اور تشدد کی حمایت نہ کریں اورمخصوص کمیونٹی کیخلاف نفرت پھیلانا بند کردیں۔
شہباز شریف ک ے بیان کے حوالے سے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیراعظم کا بیان فوج اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش ہے، پی ٹی آئی نے آرمی چیف کے خلاف کوئی مہم نہ چلائی ہے نہ ارادہ رکھتے ہیں، تحریک انصاف آرمی چیف کا احترام کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سمجھتے ہیں فوج کمزور ہوتی ہے تو ملک کمزور ہوتا ہے، توقع ہے کہ سیاست ک ومعمول پر لانے میں کردارادا کریں گے۔
عمران خان کے فوکل پرسن کی گرفتاری کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ حسان نیازی کو اٹھالیا گیا جو وکیل ساتھ تھا اسے بھی اٹھالیا گیا، وکلا کو غیرقانونی طریقےسے اٹھایا جا رہا ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں، حسان نیازی اور پی ٹی آئی کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ توہین عدالت کیس میں جو آپریشنز ہورہےہیں ان پر بات ہورہی ہے، محسن نقوی کیخلاف زمان پارک میں لوٹ مار کا پرچہ کرانے جارہےہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ظل شاہ کی شہادت کی جوڈیشل انکوائری کیلئے عدالت سے رجوع کررہےہیں، اس وقت پورے پاکستان کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پرہے، سپریم کورٹ سے توقع ہے آئین کو بچائیں گے اور عوام کے حقوق کا خیال کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ ہم محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کیخلاف زمان پارک میں لوٹ مار کا پرچہ کروانے جا رہے ہیں، مریم نواز بھی اس میں برابر کی مجرم ہیں۔