لاہور: پی ٹی آئی سینیٹر ڈاکٹر زرقا کا لاہور میں دو کلینک سیل کیے جانے پر ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت نے مبینہ انتقامی کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر ڈاکٹر زرقا کے دو کلینک سیل کیے، گزشتہ رات ان کے کلینکس پر چھاپے مارے گئے تھے۔
ڈاکٹر زرقا کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا اسٹائل ہی گلو بٹ اور غنڈہ گردی ہے، ان سے عزت سے جواب نہ دیا گیا، ہوسکتا ہے کہ کل گرفتار بھی کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارہ دن رہ گئے ہیں بہتر ہے عزت سے چلے جائیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ کلینک اپائنمنٹ پر آتے ہیں اپنے کلائنٹ کو دیکھتے ہیں، میرا کلینک سی آر اے میں رجسٹرڈ ہے، بطور ڈاکٹر میں بھی پی ایم ڈی سی میں رجسٹرڈ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، یہ لوگ انتقامی کارروائیاں کرتے رہیں میں قانونی طور پر جواب دوں گی۔
دوسری جانب محکمہ صحت کا مؤقف ہے کہ ڈاکٹر زرقا کے کلینک سے ڈینگی لاروا ملا ہے جبکہ کلینک کو ایف ایس سی پاس لڑکیاں کلینک چلا رہی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی خواتین کو کوڑا کرکٹ قرار دیا تھا جس پر ڈاکٹر زرقا نے خواجہ آصف کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے، سوچ سمجھ کر بولا کریں، ہم سب کو قابل عزت سمجھتے ہیں اور ہمارا کردار اخلاق بتاتا ہے کہ ہم کون ہیں، ابھی جو باتیں یہاں ہوئیں میں تو پریشان ہوگئی ہوں۔