وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں مداخلت ، پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد : وزیراعلی پنجاب کےانتخاب میں مداخلت پر تحریک انصاف نے راناثنااللہ اور حکومت پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں مداخلت پر تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے تفصیلات سماجی میڈیا پر جاری کردیں اور پیغام میں کہا کہ رانا ثنا اللہ اور حکومت پنجاب کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائرکردی ہے۔

اسد عمرکا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے عمل میں مداخلت،پولیس اوراسپیشل برانچ کااستعمال توہین عدالت ہے، وزیر داخلہ کی کھلی دھمکیاں بھی سپریم کورٹ کے یکم جولائی کے فیصلے کی واضح توہین ہیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ سے عدالتی حکم کی ایسی بےتوقیری پر کارروائی کی استدعا کی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 22 جولائی کو چوہدری پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے، اگر لیڈرشپ کی طرف سے منظوری مل جائے تو تحریک انصاف کے 5 سے 7 ارکان اِدھر اُدھر ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں بلکہ ہوسکتا ہے اس سے زیادہ لوگ ادھر ادھر ہونے کا بھی ارادہ رکھتے ہوں۔