اسلام آباد: آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے.
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تیل کی تلاش میں پاکستان آنے والی کمپنیز کو ٹیکس چھوٹ اور مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
اجلاس میں آف شور ایکسپلوریشن کمپنیز کو کسٹم ڈیوٹی اور سیلزٹیکس کی چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی، یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام آلات کی درآمدات اور برآمدات پر کوئی کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس لاگو نہیں ہوگا.
اس موقع پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ایگزون موبل، ای این آئی لمیٹڈ کیکرا 1میں الٹرا ڈیپ ویل ڈرلنگ کے لئے تیار ہیں.
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا 172 افراد کے نام فوری طورپرای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ
ڈرلنگ آپریشن رواں ماہ شروع ہو جائے گا، تمام آلات پہنچ گئے ہیں، آلات میں 3 پلیٹ فارم، سپلائی ویسل، 2 ہیلی کاپٹر، ایک ڈرل شپ شامل ہیں، ایگزون موبل اور ای این آئی،پروڈکشن شیئرنگ ایگریمنٹ کا حصہ ہیں.
واضح رہے کہ آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں 172 ناموں کو ای سی ایل میں ڈالنے کا ازسر نو جائزہ لیا گیا تھا، جس کے بعد تمام نام فوری طورپر فہرست سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ تمام نام اب ای سی ایل ریویو کمیٹی کو بھیجے جائیں گے.