پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو اتحاد میں شامل کرنے کیلئے کمیٹیاں بن گئی ہیں ہماری کمیٹیاں ایک دودن میں ملاقات طےکریں گی اور بات آگے بڑھےگی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے کل میری بات ہوئی تھی فضل الرحمان کے بیان کو جس طرح پیش کیا گیا اس سے غلط فہمی ہوئی، پہلے ہمارا مطالبہ مینڈیٹ کی واپسی تھا اب الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اسدقیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں جعلی طور پر یہ لوگ حکومت میں براجمان ہیں ملک ان سے نہیں چلایاجارہا تو الیکشن کرادیے جائیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ہم ری الیکشن چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں صاف و شفاف الیکشن کرائے جائیں، کے پی اسمبلی سے استعفوں کا معاملہ حالات کے مطابق دیکھیں گے استعفوں سے متعلق کوئی پرپوزل موجود نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سے متعلق غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں ملک میں امن امان کی صورتحال خراب ہے ہمارے سوشل میڈیا کے کارکنان کو غیرقانونی طور پر گرفتار کیا جا رہا ہے بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ بی بی دیگر کو کئی ماہ سے حراست میں رکھا گیا ہے بجلی پیٹرول قیمت بڑھ گئی،ٹیکس لگائےگئے ہیں ہم ظلم کے خلاف جدوجہد کریں گے اور حکومت کے مستعفیٰ ہونے کا مطابلہ کریں گے۔