’پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ خوش آئند ہے‘

پی ٹی آئی راولپنڈی جلسے

پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (نظریاتی) کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے کے اعلان کا خیر مقدم اور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

اپنے بیان میں اختر اقبال ڈار کا کہنا تھا ک قومی اسمبلی کو غیر آئینی طور پر توڑنا بھی حقیقت ہے۔ عدلیہ کو فیصلہ کرنا ہے کہ مقبتولیت والے لیڈر کو آئین توڑنے کی اجازت ہونی چاہیے؟

انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 6 اور توشہ خانہ کیس میں مطلوب تمام افراد کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔

 

اس سے قبل وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کے حکومتی فیصلے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال سانحہ 9 مئی کے بعد اختر اقبال ڈار نے ان واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور اپنی جماعت پی ٹی آئی نظریاتی کے نام سے بنانے کا اعلان کیا تھا۔