پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات، نتائج آج الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جائیں گے

پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دنوں ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج کی تفصیلات  پارٹی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنما آج الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج کی تفصیلات جمع کرائیں گے۔

الیکشن کمیشن میں چیئرمین، سیکریٹری جنرل، صوبائی صدور سمیت مرکز وصوبوں کے پارٹی انتخابات کے نتائج جمع کرائے جائیں گے۔

تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 3 مارچ کو منعقد ہوئے تھے اور نتائج کا اعلان 4 مارچ کو کیا گیا تھا۔ ان نتائج کے مطابق بیرسٹر گوہر علی خان پی ٹی آئی کے چیئرمین اور عمر ایوب سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن، بیرسٹر گوہر ایک مرتبہ پھر بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

واضح رہے کہ عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن نے کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے امیدواروں نے آزاد حیثیت اور مختلف انتخابی نشانات کے ساتھ عام انتخابات  میں حصہ لیا تھا اور اب یہ تمام اراکین سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔