اسلام آباد: ڈپنی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو این او سی کے مطابق جلسہ 7 بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی جلسے کے متظمین سے کہا ہے کہ برائے مہربانی وقت کی پابندی کریں، جلسہ ختم کرنے کے حوالے سے 7 بجے دوبارہ ریویو کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر 7 بجے جلسہ ختم نہ ہوا تو اسے تحریری طور پر غیر قانونی ڈکلیئر کریں گے، کوئی اگر جلسے میں دیر سے پہنچ رہا ہے تو اس کی ذمہ داری انتظامیہ کی نہیں ہے۔
عرفان نواز نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش جلسہ ختم کرنے کا وقت 7 بجے تک دیا گیا ہے۔
این او سی
ضلعی انتظامیہ کی این او سی کے مطابق جلسے کے دوران کاروبار یا سٹرک بلاک نہیں ہوگی جبکہ جلسہ شام 4 بجے شروع ہو کر 7 بجے ختم ہوگا۔
این او سی کے مطابق منتظمین اندرونی سکیورٹی کے خود انتظامات کریں گے اور ذمہ دار ہوں گے، شرکا جلسے کے علاوہ کسی اور جگہ نہیں جائیں گے، شرائط کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا تھا کہ دوران جلسہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، جلسے کی اجازت ہوگی کسی قسم کے دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اجازت صرف 8 ستمبر کیلیے ہے لہٰذا منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے۔
مزید کہا گیا تھا کہ ریاست مخالف یا مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر یا نعروں کی اجازت نہ ہوگی۔