اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سنگجانی جلسہ کے منتظمین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا اعلان کر دیا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علی ناصر رضوی نے کہا کہ جلسے کا مقررہ وقت ختم ہو چکا ہے لیکن منتظمین نے این او سی کی خلاف ورزی کی، چونگی نمبر 26 پر روٹ کی خلاف ورزی کی گئی جس پر قانون حرکت میں آ چکا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جلسہ منتظمین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، وقت ختم ہونے سے پہلے بھی جلسہ منتظمین کو آگاہ کیا گیا تھا، وقت ختم ہو چکا ہے لیکن جلسہ تاحال جاری ہے، انتظامیہ نے 6 بجے جلسہ منتظمین سے رابطہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شرکا کے پتھراؤ سے اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ایس ایس پی اور 3 کانسٹیبل زیادہ زخمی ہوئے جنہیں علاج کی ضرورت ہے، 150 سے 200 لوگوں کے مجموعہ نے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے گا، منتظمین کی جانب سے جلسے کا وقت بڑھانے کی درخواست بھی نہیں ملی۔
چند گھنٹے قبل جلسہ روٹ کی خلاف ورزی کر کے آنے والے شرکا نے پولیس پر پتھراؤ کیا تھا جس میں ایس ایس پی سیف سٹی شعیب خان سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
کارکنوں کو منتشر کرنے کیلیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی تھی جس کے بعد ہر طرف آنسو گیس کا دھواں پھیل گیا تھا۔ موقع پر پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی تھی۔