حیدر آباد : پاکستان تحریک انصاف آج حیدر آباد عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج حیدر آباد میں جلسہ کرے گی ،جس کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جلسے کا اہتمام بائی پاس گراؤنڈ میں کیا گیا ہے ، جس کیلئے اسٹیج کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
بائی پاس گراؤنڈ میں کارکنان کے لئے 50ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں اور ہرسو پارٹی پرچموں کی بہار ہیں جبکہ جلسے کی سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ صوبائی اور مرکزی قیادت بھی جلسے میں شرکت کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ سندھ میں تبدیلی آ نہیں رہی آگئی ہے، جلسے کی تمام تر تیاریا ں مکمل ہوگئی ہیں اور پچاس ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئیں ،سندھ کی عوام آج جلسے میں بھرپور شرکت کرکے تبدیلی پیغام دینگے۔