پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پھر ثابت کیا وہ صحیح معنوں میں لیڈر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں کو جلسہ ملتوی ہونے کا علم نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی نے پھر ثابت کیا وہ صحیح معنوں میں لیڈر ہیں۔
علی محمدخان نے کہا کہ فیصلے سے ورکرز کو دھچکا ضرور لگا تھا، یہ وہی لیڈر کرسکتا ہے جسے فکر ہو کوئی تصادم نہ ہوجائے، جسے فکر ہو دوسرا 9 مئی نہ کردیا جائے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی براہِ راست پارٹی میں نہیں، اُنہیں بہت سے فیصلوں کا بروقت علم نہیں ہوتا، جلسے کا این او سی آخری وقت میں واپس لے لیا گیا، جماعتِ اسلامی، ٹی ایل پی دھرنا دے سکتے ہیں تو ہم جلسہ کیوں نہیں کرسکتے؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیوں آپ سب سے بڑی جماعت کے حساس صوبے کے وزیراعلیٰ کو مجبور کررہے ہیں؟، علی امین گنڈا پور کو سر پر کفن باندھ کر نکلنا پڑ رہا ہے۔