‘ رانا ثنا اللہ کو گورنر راج کے بجائےعوامی راج کی بات کرنی چاہیے ‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجا بشارت نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو گورنر راج کے بجائےعوامی راج کی بات کرنی چاہیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجا بشارت نے وفاقی وزیر داخلہ کے پنجاب میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو گورنر راج کے بجائےعوامی راج کی بات کرنی چاہیے۔

راجا بشارت نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ عوامی مینڈیٹ کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی وزیراعلی پنجاب ہیں۔ رانا ثنا اللہ کو گورنر راج کی بات سے پہلے متعلقہ آرٹیکل پڑھ لینے چاہئیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ گورنر راج لگانے سے متعلق آرٹیکلز کے مطابق گورنر راج لگانے میں وفاقی حکومت یا رانا ثنا اللہ کا کوئی دخل نہیں۔ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق یہ گورنر راج لگانے کی حرکت کرسکتے ہیں اور نہ ہی کریں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کردیا ہے۔ اگر پنجاب میں میرے داخلے پرپابندی لگائی تو یہ گورنر راج کے نفاذ کا جواز ہوگا۔

رانا نثا اللہ نے یہ بھی کہا تھا کہ پنجاب یا کے پی سے چڑھائی کا فیصلہ کیا تو ہم انھیں وہیں پر روکیں گے، ایسابالکل نہ سمجھیں کہ اسلام آباد آنے کیلئے سہولت کاری کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنااللہ کی پنجاب میں گورنر راج لگانے کی دھمکی

نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ نوازشریف ہر قیمت پر واپس آئیں گے اور اگلا الیکشن لیڈ کریں گے۔