پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں بڑا دھچکا

پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں 3اہم عہدے واپس لے لئے گئے

اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے قومی اسمبلی میں 3اہم عہدے واپس لے لئے گئے اور نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو قومی اسمبلی میں بڑا پارلیمانی دھچکا پہنچا اور 3اہم عہدے پارٹی سے واپس لے لیے گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے خالی قرار دے دیے ہیں، جب کہ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا عہدہ عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہوا، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان کو آگاہ کیا کہ جلد نئے قائد حزبِ اختلاف کے لیے نام طلب کیے جائیں گے۔

قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا جبکہ پی ٹی آئی کے نااہل 7 ارکان سے قائمہ کمیٹی کی ممبر شپ بھی واپس لے لی گئی، جن میں جمشید دستی، احمد چٹھہ، عبدالطیف، عمر ایوب، حیدر علی، حامد رضا، رائے حسن نواز اور زرتاج گل شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی منتخب نمائندے نا اہل قرار

پی ٹی آئی کے7ارکین اسمبلی سے 15 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لےلی گئی جبکہ صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کردی گئی۔

زرتاج گل انسانی حقوق کی کمیٹی کی رکنیت سے محروم ہو گئیں اور رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لی گئی

پارلیمانی ذرائع کے مطابق اب پی ٹی آئی کے آزاد ارکان کو نئے پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے لیے دوبارہ نام دینے ہوں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اس حوالے سے جلد احکامات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔