اسلام آباد :پی ٹی آئی کےتمام ممبران نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کےاجلاس کا بائیکاٹ کر دیا، جس کے بعد نوید قمر نے صدارت سنبھال لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام ارکان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا، کمیٹی میں پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن شریک نہیں ہوا۔
سیکرٹری کمیٹی ک نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے جنید اکبر خان نے بھی اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا اور انہوں نے کہا کہ اجلاس کی صدارت کون کرے، اس بارے میں ممبران کو خود فیصلہ کرنا ہوگا۔
بعدازاں پی اے سی اجلاس کی صدارت کے لیے سید نوید قمر کو نامزد کیا گیا، جنہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس کی صدارت سنبھال لی۔
مزید پڑھیں : بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے، علیمہ خان
یاد رہے گذشتہ روز بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ بانی نے پارٹی اراکین کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے فوری مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ ملاقات میں بھائی نے میرے بچوں کا پوچھا کہ کیا انہیں بھی جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔