پی ٹی آئی اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسمبلی لگالی

پی ٹی آئی اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسمبلی لگالی

اسلام آباد : پی ٹی آئی اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسمبلی لگا لی ، چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب تک پارلیمنٹ کا اجلاس جاری رہے گا، اپنی اسمبلی باہر لگائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی نے بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر متوازی اسمبلی لگا لی۔ احتجاجی اراکین نے نااہل ہونے والے ایم این ایز کی تصاویر والے پمفلٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔

بیرسٹر گوہر علی نے احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رہے گا، تحریک انصاف اپنی اسمبلی باہر لگائے گی۔

سابق اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان اب ایوان کے اندر نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے باہر ہی خطاب کریں گے، جہاں جلد ایک قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

عامر ڈوگر نے خطاب میں کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ "جعلی فارم 47 کی حکومت” کو تسلیم نہیں کرتے، ہمارے ارکان کو نااہل کیا گیا اور ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں : پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ

انہوں نے علیمہ خانم کے بیٹوں کی 24 ماہ بعد مئی 9 کے کیسز میں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے پورے خاندان کے ساتھ ہیں جو صوبیتیں برداشت کر رہا ہے، ہم ان تمام کی پر زور مذمت کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ارکان کا کہنا ہے کہ جب تک قومی اسمبلی کے اجلاس جاری رہیں گے، ہم پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی اجلاس منعقد کرتے رہیں گے۔