لیاری سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی پھر حکومت سے ناراض

کراچی کے حلقہ این اے 246 لیاری سے منتخب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکورشاد ‏پھر وفاقی حکومت سے ناراض ہوگئے۔

شکورشاد نے بجٹ میں لیاری کو نظرانداز کرنے پر اجلاس میں شرکت نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ ‏شکورشاد کا کہنا ہے کہ وفاق کی مسلسل نظراندازی پر دلبرداشتہ ہو کر گھر بیٹھ گیا ہوں۔ ‏

انہوں نے کہا کہ لیاری سے بلاول کوشکست دینےوالے کو وفاقی وزیر ہونا چاہیے تھا جمعہ کےدن ‏وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی لیکن وزیراعظم کی طرف سےلیاری کےمنصوبوں کو ‏اہمیت نہیں دی گئی۔

اس سے قبل بھی شکورشاد ترقیاتی فنڈز اور لیاری کے مسائل حل نہ ہونے کا متعدد بار شکوہ کر ‏چکے ہیں اور انہوں نے پارٹی و پارلیمانی اجلاسوں میں بھی نظرانداز کیے جانے پر ناراضی کا اظہار ‏کیا۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری پریس ریلیز میں شکور شاد نے وزیر اعظم عمران خان سے اپنے ‏حلقہ این اے 246 کو جاری فنڈذ کی تحقیقات نیب سے کروانے اور فرانسک بنیادوں پر چیک ‏کرانے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھ پر کوئی کرپشن ثابت ہو تو مجھے سرعام ڈی چوک یا چیل چوک پر ‏ریاستی فائرنگ اسکواڈ سے شوٹ کردیا جائے۔