گرفتار پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری

پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں 3اہم عہدے واپس لے لئے گئے

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 10 گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دیے۔

اسپیکر ایاز صادق نے گرفتار ارکان کو ایوان کی کارروائی میں شرکت کیلیے لانے کا حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ان کی کل اجلاس میں شرکت یقنی بنائی جائے۔ پروڈکشن آرڈرز قاعدہ 108 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت جاری کیے گئے۔

انہوں نے شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، زین قریشی، شیخ وقاص اکرم، محمد احمد چٹھہ، زبیر خان، اویس حیدر جھکڑ، سید شاہ احد شاہ، نسیم علی شاہ اور یوسف خان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے۔

تحقیقاتی کمیٹی قائم

قبل ازیں، پارلیمنٹ سے ارکان کی گرفتاریوں کے خلاف اسپیکر ایاز صادق نے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔

کمیٹی میں جوائنٹ سیکرٹری اسد اللہ، رضوان اللہ، قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز کمیٹی میں شامل ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کو جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے ایم این ایز کی گرفتاری پر سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف اور چار دیگر سکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا تھا۔

معطل اہلکاروں میں اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئراسسٹنٹ، جونیئر اسسٹنٹ میں عبید اللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون شامل ہیں۔