اسلام آباد: پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے منٹس آف میٹنگ جاری کردیے ہیں، جس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے اظہار خیال کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اس اجلاس کا مقصد مجوزہ آئینی ترامیم پر پوزیشن واضح کرنا ہے، پارلیمانی پارٹی کو کسی بھی بل کی حمایت نہیں کرنی چاہیے، حکومت کو قانونی حیثیت حاصل نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مجوزہ ترامیم عدلیہ کی آزادی پر اثرانداز ہوگی اور شخصی نوعیت کی ہونگی، موجودہ حکومت کے پاس آئین میں تبدیلی کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔
انھوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باعث حکومت کو قانونی حیثیت حاصل نہیں، شرکا نے اس موقع پر اتفاق کیا کہ پارلیمانی پارٹی آئین میں مجوزہ ترامیم کی حمایت نہیں کرے گی۔
پارلیمانی پارٹی نے اس پر بھی اتفاق کیا کہ بل کی پیشی، کسی مرحلے پر ووٹنگ میں مخالفت کی جائیگی، ارکان کو کسی بھی ایسے بل، تجویز پر ووٹنگ سے اجتناب کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔