پی ٹی آئی نے آج ہونے والا اسلام آباد کا جلسہ ملتوی کردیا

پی ٹی آئی جلسہ

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہونے والا اسلام آباد کا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا، چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت چند دنوں کی ہے ان کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جلسے کیلئے پورا ملک اور ہمارے ورکر بے تاب ہیں اور کارکنان آج اسلام آباد میں جلسے کی تیاری کررہے تھے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ وہی ہے جس کی 4 ماہ پہلےہم نے رٹ پٹیشن فائل کی، 4ماہ بعد ہمیں این او سی ملی، کمشنر کے پاس عدالتی حکم سے جاری نوٹیفکیشن معطل کرنےکااختیارنہیں، جس بنیادپرنوٹیفکیشن معطل کیا گیا اسے سلسلے مین عدالت سے رجوع کیا ہے

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائیکورٹ اس لئےآئے کہ آئین وقانون کےمطابق جلسہ کریں، آئین اور قانون کی بالا دستی کیلئےہم سب کوشش کر رہے ہیں لیکن اسلام آبادہائیکورٹ میں ہفتہ کی وجہ سے چیف جسٹس موجود نہیں، اس لئے درخواست پرآج سما عت نہ ہوسکی ، امید ہے ہماری درخواست پر سماعت پیر کو ہوگی۔

انھوں نے آج ہونے والے جلسے کو ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے درخواست کریں گے جلسے کیلئے ہمیں عاشورہ کے بعد کی تاریخ دیں، حکومت چند دنوں کی ہے ان کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔