اسلام آباد: ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا ہے کہ اختر اقبال ڈار نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا جس پر باقاعدہ دستخط موجود ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف معلوم نہیں پریس کانفرنس کا سلسلہ کب ختم ہوگا، نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے ہمارے دفتر میں بیٹھ کر ٹکٹس پر دستخط کیے ہیں، معاہدے پر بھی ان کے دستخط موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اختر اقبال نے شروع میں ہم سے زیادہ نشستیں مانگی تھیں بعد میں شیخوپورہ میں چار نشستوں پر آمادگی ظاہر کی تھی، ان سے معاہدہ دو ہفتے قبل ہوا تھا۔
رؤف حسن نے کہا کہ اختر اقبال کے ساتھ بھی وہی ہوا جو دوسری پریس کانفرنس کرنے والوں کے ساتھ ہوا، اختر اقبال کو پہلے اغوا کیا گیا اس کے بعد زبردستی پریس کانفرنس کروائی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے، بیرسٹر گوہر کے گھر کیا ہوا سب کے سامنے ہے آج عمر ایوب کے گھر پر بھی گڑ بڑ کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان جاری کرنا تھا، خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست بھی ہے جس پر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔
رؤف حسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو روکنے کے لیے ہر لمحے قوانین کو تبدیل کررہی ہے، الیکشن کمیشن نے آخری وقت میں سرکلر جاری کیوں کیا، ای سی پی، پی ٹی آئی کے خلاف ایک پارٹی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں پر یقین رکھتے اور عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے، فیصلہ آنے دیں اس کے بعد لائحہ عمل طے کریں گے۔