اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابات میں التوا کیلیے الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
پی ٹی آئی ترجمان نے اپنے بیان میں الیکشن کمیشن سے 8 فروری 2024 کی طے تاریخ پر انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکانے والے دستور کے دشمن ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ انتخابات میں التوا پاکستان کو دستور سے مکمل محروم کرنے کی سازش ہے، الیکشن میں التوا ملک کو سیاسی عدم استحکام کی لپیٹ دینے کے مترادف ہے، ملک میں نگراں حکومتیں بالکل غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ دستور میں نگراں حکومتوں کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں، دستور سے انحراف کا خمیازہ معاشی تباہی کی صورت میں بھگت رہے ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے کیلیے منصفانہ انتخاب کا انعقاد ناگزیر ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کو عام انتخابات ملتوی کروانے کی 17 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے ان درخواستوں کو سننے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے دائر درخواستوں میں الیکشن ملتوی کرنے کی وجہ صوبے کے کئی اضلاع میں سکیورٹی مسائل اور برف باری کو قرار دیا گیا۔
تاہم الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلیے اپڈیٹ شدہ انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا کے دفاتر میں پہلے ہی جاری ہے جبکہ مختلف اضلاع میں ان فہرستوں کی ترسیل شروع کر دی گئی۔